کراچی: پٹرول پمپ پر لوٹ مار کرنیوالا ڈاکو شہریوں نے پکڑ لیا، درگت بنانے کے بعد حوالہ پولیس

Last Updated On 09 December,2019 09:11 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے یسین آباد میں پٹرول پمپ پر لوٹ مار کرنے والا ڈاکو شہریوں نے پکڑ لیا اور ڈاکو کی خوب درگت بنائی، بعد ازاں پولیس کے حوالے کردیا۔ دوسری جانب تھانہ ماڈل کالونی کی حدود سے گھرکے باہر کھڑی 125 موٹرسائیکل نامعلوم ملزم لے اڑا۔ تاہم واردات کی سی سی ٹی منظر عام پر آ گئی۔

رات گئے کراچی کے علاقے جوہر آباد تھانے کی حدود یاسین آباد میں موٹرسائیکل پر سوار 2 ڈاکوئوں کی پیٹرول پمپ پر لوٹ مار کے دوران ایک ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پٹرول پمپ پر موجود شہریوں نے ڈاکو کی خوب پٹائی کی اور پولیس کے حوالے کر دیا۔ مسلح ڈاکو پیٹرول پمپ پر کارسوار شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے، پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر لیا جبکہ ملزم کے ساتھی کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ادھر کراچی پولیس موٹرسائیکل لفٹرز کو لگام نہ دے سکی، دن دیہاڑے گھر کے باہر سے شہری اپنی بائیک سے محروم ہو گیا۔ تھانہ ماڈل کالونی کی حدود سے گھر کے باہر کھڑی 125 سی سی موٹرسائیکل نامعلوم ملزم لے اڑا۔ تاہم واردات کی سی سی ٹی منظر عام پر آ گئی۔ سی سی ٹی وی میں ملزم کا واضح چہرہ نظر آنے کے باوجود کوئی کارروائی نہ کی جاسکی جبکہ سی سی ٹی وی میں ملزم کو موٹرسائیکل کا لاک توڑتے اور موٹرسائیکل لے جاتے طور پر دیکھا جاسکتا ہے، دوسری جانب پولیس کی جانب سے موٹرسائیکل مالک کو بازیابی کے لئے دعا کرنے کا مشورہ دے دیا گیا۔