لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں شہری کی جانب سے مبینہ ڈکیتی کی کوشش ناکام بنانے کے معاملے نے نیا رخ اختیار کر لیا، ہلاک ہونے والے مبینہ ڈاکو سمیر عرف سومی کی والدہ کی مدعیت میں دو نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ہربنس پورہ کے علاقے میں شہری کی فائرنگ سے مبینہ ڈاکو کی ہلاکت کا معاملہ الجھ گیا، فائرنگ کرنے والا شہری اور اس کی بیوی منظر عام سے غائب ہوگئے، پولیس دونوں کا سراغ نہ لگا سکی۔
دوسری جانب ہلاک ہونے والے مبینہ ڈاکو سومی ملک کی والدہ کی مدعیت میں دو نامعلوم شہریوں کے خلاف قتل کا مقدمہ تھانہ ہربنس پورہ میں درج کر لیا گیا۔ سومی کی والدہ کے مطابق اس کا بیٹا اپنے رشتے دار عاطف کے ساتھ کسی کی صلح کرانے کے لیے گھر سے نکلا تھا کہ راستے میں موٹر سائیکل سواروں نے سومی ملک کو قتل اور عاطف کو زخمی کر دیا۔
پولیس کے مطابق عاطف کا کریمینل ریکارڈ موجود ہے تاہم اس حوالے سے سومی ملک کا ریکارڈ تاحال نہیں مل سکا جبکہ فائرنگ کرنے والے موٹر سائیکل میاں بیوی کی تلاش کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد حاصل کی جا رہی ہے۔