اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے مشیر خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اہداف پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے اور پیرس اجلاس سے پہلے تمام ضروری تیاریاں مکمل کی جائیں گی۔
مشیر خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی برائے اینٹی منی لانڈرنگ کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور محمد حماد اظہر اور فاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے تجاویز کا جائزہ لیا گیا، ملک کے مختلف مالیاتی و سلامتی کے اداروں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ مؤثر اقدامات اور ان کے مثبت اور ٹھوس نتائج سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کے دوران اگلے ماہ پیرس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ہونے والے اجلاس کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پاکستان کی مؤثر و بامقصد شرکت اور مثبت نتائج کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔
اجلاس کے دوران فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ایکشن پلان پر نفاذ کو سہل بنانے کا عزم بھی کیا گی اور دوست ممالک کی پاکستان کو فراہم کی گئی فنی معاونت اورامداد کر سراہا گیا۔