بھارت فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ریڈار پر آگیا

Published On 20 February,2023 03:00 pm

اسلام آباد: ( دنیا نیوز) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) نے بھارت کی ٹیرر فنانسگ ، منی لانڈرنگ روکنے کے اقدامات کا جائزہ لینے کا پلان تیار کرلیا ۔

فیٹف اس سال بھارت کی ٹیرر فنانسگ ، منی لانڈرنگ روکنے کے اقدامات کا جائزہ شروع کرے گا ، بھارت کے اقدامات کا آن سائٹ جائزے کیلئے دورانیہ نومبر 2023 ہوگا، جون2024 میں بھارت کے اقدامات کو فیٹف پلنری اجلاس میں زیر بحث لانے کا منصوبہ  ہے ، آخری بار فیٹف نے بھارت کی جانچ پڑتال جون 2010 میں کی تھی ۔

فیٹف پلان کے مطابق فیٹف2019 سےدو بار اے ایم ایل، سی ایف ٹی قوانین سے متعلق بھارت کی جانچ موخر کرچکا، جن ممالک کے اقدامات کا فیٹف جائزہ لے گا اس فہرست میں پاکستان کا نام شامل نہیں ہے ۔

حکام کے مطابق گذشتہ سال پاکستان نے عالمی سطح پر سنگ میل عبور کرلیا تھا، اکتوبر2022 میں ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکال دیا تھا، پاکستان نے کامیابی کے ساتھ تیزی سے ایف ٹی ایف ایکشن پلان پر عمل درآمد کیا۔

فیٹف نے 4 سال اور 4 ماہ بعد پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالا ، پاکستان نے فیٹف کے دونوں ایکشن پلانز کے تحت تمام 34 نکات پر عمل درآمد کیا، فیٹف نے جون2018میں پاکستان کا نام گرے لسٹ میں شامل کیا تھا۔