سٹاک مارکیٹ : آخری کاروباری روز کے دوران 212.18 پوائنٹس کی مندی

Last Updated On 14 February,2020 05:39 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران 212.18 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی۔

تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا ملا جلا رحجان رہا، رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران 846.93 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی تاہم دوسرے کاروباری روز کے دوران 417.76 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔

تیسرے کاروباری روز کے دوران بھی 816.67 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی تھی، چوتھے کاروبار روز کے دوران 75.69 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی جبکہ اسی کا تسلسل آج کاروباری آخری روز کے دوران بھی دیکھنے کو ملا جب انڈیکس کاروبار کے اختتام پر 212.18 پوائنٹس گر گیا۔

آج کاروبار کا آغاز ہی مندی سے ہوا جب پہلے دو گھنٹوں کے دوران انڈیکس 205 پوائنٹس گر گیا اور انڈیکس 40250 کی سطح پر دیکھا گیا۔ غیر یقینی صورتحال کا تسلسل نماز جمعہ کے بعد بھی دیکھا گیا اور وقفے کے ایک گھنٹے بعد انڈیکس میں مزید 60 پوائنٹس کی تنزلی دیکھی گئی اور دوپہر تین بجے انڈیکس 40190.33 پوائنٹس کی سطح پر آیا۔

ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس میں ایک موقع پر تیزی دیکھی گئی اور انڈیکس 40603.16 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر دیکھا گیا تاہم آخری لمحات کے دوران انڈیکس میں 40094.29 پوائنٹس کی نچلی ترین سطح بھی دیکھی گئی۔

آج پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام 212.18 پوائنٹس کی مندی کے بعد 40243.26 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ کاروبار کے دوران انڈیکس کی دو حد گر گئیں۔ گرنے والی حدوں میں 40300 اور 40400 کی حدیں شامل ہیں۔

ٹریڈنگ کے اختتام پر آج پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.53 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی جبکہ 8 کروڑ 58 لاکھ 10 ہزار 470 شیئرز کا لین دین ہوا۔ انویسٹرز کی طرف سے زیادہ شیئرزکی فروخت کو ترجیح دی گئی۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کی بڑی وجوہات میں سے رواں ہفتے کے دوران ایف اے ٹی ایف پر ممکنہ اعلان ہے جس کی وجہ سے سرمایہ کار مضطرب کا شکار ہیں اور آج دن بھر ٹریڈنگ کے دوران حصص کی خریداری اور فروخت دیکھی گئی۔
 

Advertisement