اشیاء خورونوش کا مصنوعی بحران پیدا کرنیوالوں سے سختی سے نمٹا جائے: وزیراعظم

Last Updated On 15 February,2020 04:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو ہدایت کی ہے کہ اشیاء خوردونوش کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔

دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اہم ملاقات کی، ملاقات کے دوران نے پنجاب حکومت کو ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ مافیا کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا حکم دے دیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کو ارزاں نرخوں پر اشیاء خوردونوش کی فراہمی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے یوٹیلیٹی سٹورز پر 15 ارب کا پیکیج دیا ہے۔ آٹا اور چینی کی سرکاری قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اشیاء خوردونوش کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔وزیراعظم کی وزیراعلی کو ہدایت

وزیراعظم کی سیف سٹی آفس آمد، عمران خان کو سیف سٹی ٹیکنالوجی سے متعلق بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے  پولیس خدمت مرکز  کے گلوبل پورٹل کا اجرا کر دیا۔

عمران خان کا سیف سٹی اتھارٹی، دائرہ کار، کارکردگی اور پولیس خدمت مرکز کے گلوبل پورٹل کے اجراء پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گلوبل پورٹل کے اجراء سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت میسر ہوگی اور ان کا اپنے ملک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اعتماد بحال ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ گلوبل پورٹل کا اجرا پولیس کا قابل تحسین اور متاثر کن اقدام ہے۔ ترجیح ہے کہ ملک میں امن و امان اور قانون کی عملداری ہر صورت ممکن بنائی جائے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو جب تک محفوظ ماحول فراہم نہیں ہوگا وہ سرمایہ کاری کرنے میں دقت محسوس کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ معیشت کی ترقی امن و امان کی بہتر صورتحال اور قانون کی عمل داری سے منسلک ہے، دولت کی پیداوار (وویلتھ کریئیشن) کی بدولت ہی ملکی معیشت ترقی کرے گی۔ ہماری اولین ترجیح ہے کہ قانون کی عملدار ہے۔
 

Advertisement