مافیا کیخلاف کارروائی نہیں باتوں پر گزارا ہے: تھنک ٹینک

Last Updated On 15 February,2020 09:19 am

لاہور: (دنیا نیوز) معروف تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے وزیر اعظم کو تواتر سے بولنے کا شوق ہے۔

پروگرام  تھنک ٹینک  میں میزبان عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیر اعظم مافیاز کی بات بھی کرتے ہیں۔ سال سوا سال کرپشن کی باتوں میں گزر گیا ہے اب ان کی زبان پر مافیا کی باتیں ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ وزیر اعظم کس مرض کی دوا ہیں ؟ مافیاز کیخلاف کارروائی میں کیا امر مانع ہے مگر لوگوں نے ان کو جانچ لیا ہے، اب انہیں ان سے کسی ایکشن کی توقع نہیں ہے۔ انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمن کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ کی بات کر کے نیا شوشہ چھوڑ دیا ہے۔

سیاسی تجزیہ کار، روزنامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا آج ترک صدر اسلام آباد میں تھے، وزیر اعظم عمران خان اگر یہ گفتگو آج نہ کرتے تو بہتر تھا جہاں تک مافیاز کی بات ہے یہ پاکستان میں بڑے منظم ہیں۔ لاہور سے چینی کے دو چار ڈیلروں کو پکڑا گیا ہے اصل کام شوگر ملز مالکان کا ہے کہ چینی کی قیمت 40 روپے سے 80 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے۔ وزیر اعظم عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے والوں کو بے نقاب کریں۔

ممتاز تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا حکومت مافیا سے بات کر کے راستہ نکالے۔ اس وقت بیانات کی بجائے ایکشن کی ضرورت ہے۔ تجزیہ کار، اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیورو چیف خاور گھمن نے کہا آٹے اور چینی کے بحران سے متعلق حتمی رپورٹ میں اصل صورتحال کا پتہ چلے گا۔
 

Advertisement