اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے چینی شہر ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبہ اور طالبات کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی سختی سے ہدایت جاری کر دی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے جاری اپنی ہدایت میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مصائب اور امتحان کے ان لمحات میں پاکستان چینی حکومت اور عوام کیساتھ ہے اور ہمیشہ انکے ساتھ کھڑا رہے گا۔
وزیراعظم نے لکھا کہ ہم بالکل اسی جذبے اور انداز میں چین کی ہر ممکن اخلاقی اور مادی معاونت کریں گے جیسے چین نے کرب اور آزمائش کی ہر گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے دفتر خارجہ اور وزارت سمندر پار پاکستانیز کو ہدایات دی ہیں کہ ووہان میں پھنسے ہوئے ہمارے طلبہ اور طالبات کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: چین میں کرونا وائرس سے متاثر تینوں پاکستانی صحتیاب ہوکر ہسپتال سے ڈسچارج
ادھر چین میں کرونا وائرس سے متاثرہ تین پاکستانیوں کو مکمل صحتیابی کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
اس بات کی اطلاع پاکستان میں قائم چینی سفارتخانے نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے دی اور لکھا کہ یہ تینوں پاکستانی چینی شہر شین زن اور گوانگزو کے ہسپتالوں میں زیر علاج تھے۔
چینی سفارتخانے نے پاکستانیوں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اپنی میڈیکل ٹیم کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔