چین میں کرونا وائرس سے متاثر تینوں پاکستانی صحتیاب ہوکر ہسپتال سے ڈسچارج

Last Updated On 12 February,2020 09:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین میں کرونا وائرس سے متاثرہ تین پاکستانیوں کو مکمل صحتیابی کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔

اس بات کی اطلاع پاکستان میں قائم چینی سفارتخانے نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے دی اور لکھا کہ یہ تینوں پاکستانی چینی شہر شین زن اور گوانگزو کے ہسپتالوں میں زیر علاج تھے۔

چینی سفارتخانے نے پاکستانیوں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اپنی میڈیکل ٹیم کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم پاکستان عمران خان نے چین میں موجود پاکستانیوں اور طلبہ وطالبات کی دیکھ بھال کرنے کی خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔

 

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے جاری اپنی ہدایت میں انہوں نے لکھا کہ مصائب اور امتحان کے ان لمحات میں پاکستان چینی حکومت اور عوام کیساتھ ہے اور ہمیشہ انکے ساتھ کھڑا رہے گا۔

 

وزیراعظم نے لکھا کہ ہم بالکل اسی جذبے اور انداز میں چین کی ہر ممکن اخلاقی اور مادی معاونت کریں گے جیسے چین نے کرب اور آزمائش کی ہر گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے دفتر خارجہ اور وزارت سمندر پار پاکستانیز کو ہدایات دی ہیں کہ ووہان میں پھنسے ہوئے ہمارے طلبہ اور طالبات کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے۔
 

Advertisement