چین میں موجود ہر پاکستانی شہری کا خصوصی خیال رکھا جائے، وزیراعظم کی ہدایت

Last Updated On 11 February,2020 09:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس کے معاملے پر ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین میں موجود ہر پاکستانی شہری کا خصوصی خیال رکھا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی زلفی بخاری کی اہم ملاقات ہوئی جس میں کرونا وائرس کے معاملے اور چین میں پھنسے پاکستانیوں کی صورتحال بارے ڈسکس کی گئی۔

مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور سیکرٹری خارجہ بھی اس اہم ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعظم نے ان دونوں شخصیات سے بھی چین میں موجود پاکستانیوں کی صحت کے امور پر بات چیت کی۔ وزیراعظم کو چینی سفیر کی جانب سے اٹھائے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

زلفی بخاری نے اس معاملے پر وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کی حفاظت کیلئے چینی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ چین میں موجود ہم وطنوں کی سلامتی اور تحفظ کیلئے فکرمند ہوں۔

وزیراعظم نے ملاقات کے دوران ہدایات جاری کیں کہ طلبہ سمیت ہر پاکستانی شہری کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ انہوں نے وزارت اوورسیز کے اقدامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
 

Advertisement