لاہور: (ویب ڈیسک) چین میں پھیلنے والی پر اسرار بیماری کرونا وائرس کے باعث 900 سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ اس بیماری کے تدارک کے لئے چینی حکومت دن رات ایک کر کے اس پر قابو پانے کیلئے کوشاں ہیں، تاہم ایک خبر مزید کرونا وائرس سے متعلق آئی ہے، اس خبر کے مطابقکرونا وائرس کی وجہ سے دنیا کی سب سے بڑی ایگزیبیشن دی موبائل ورلڈ کانگریس (ایم ڈبلیو سی) 2020ء بھی متاثر ہوئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق موبائل ورلڈ کانگریس کا انعقاد اسپین کے شہر بارسلونا میں کیا جائے گا جو کہ رواں سال 24 تا 27 فروری تک جاری رہے گا۔
دی موبائل ورلڈ کانگریس (ایم ڈبلیو سی) موبائل انڈسٹری کے لیے دنیا کا سب سے بڑا ایگزیبیشن ہے جہاں دنیا بھر سے موبائل اور ٹیکنالوجی کمپنیاں شرکت کریں گی۔
تاہم ایونٹ بھی چین سمیت دنیا بھر میں تیزی سے پھلینے والے کرونا وائرس کی وجہ سے متاثر ہوگا کیونکہ متعدد کمپنیوں کی جانب سے ایونٹ میں شرکت کرنے سے معذرت کرلی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق موبائل کمپنی ایل جی، زیڈ ٹی ای، این ویڈیا، اور ایریکسن کے بعد اب مقبول ترین ٹیکنالوجی کمپنی سونی اور ایمازون نے بھی کرونا وائرس کے پیشِ نظر ایونٹ میں شرکت کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
سونی کمپنی کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کرونا وائرس کی صورتحال کو اچھے سے دیکھ رہی ہے، جسے عالمی ادارہ برائے صحت کی جانب سے دنیا میں ایمرجنسی کی صورتحال قرار دیا جا چکا ہے، اسی کے پیشِ نظر ہم نے صارفین، ملازمین، ساتھی، میڈیا کی صحت اور حفاظت کے لیے مشکل فیصلہ کیا ہے۔
بیان کے مطابق کمپنی سپین کے شہر بارسلونا میں منعقد ہونے والے دی موبائل ورلڈ کانگریس (ایم ڈیبلیو سی) میں شرکت نہیں کرے گی۔
دوسری جانب ایمازون کی جانب سے بھی ایونٹ میں شرکت نا کرنے کا یہی جواز بتایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سپین ہیلتھ منسٹری کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 2 کیسز رپورٹ کیے جا چکے ہیں۔