وزیر اعظم کی ٹیم کی لاپروائی، مہنگائی کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

Last Updated On 15 February,2020 09:11 am

لاہور: (دنیا نیوز) میزبان 'دنیا کامران خان کیساتھ' نے کہا ہے میڈیا رپورٹس اور تمام تجز یے یہ کہتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کی ٹیم کی لاپروائی اور غلط اندازوں یا دیگر وجوہات کی وجہ سے ملک کوچھپر پھاڑ مہنگائی کا سامنا ہے، مہنگائی کا دس سالہ ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے، تعجب کی بات ہے، پاکستان جیسے زرعی ملک میں مہنگائی کی سب سے بڑی وجہ چینی، ٹماٹر، پیاز، گھی، تیل اور دوسری چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔

محکمہ شماریات کے مطابق جنوری میں مہنگائی پر اثرات سو فیصد کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں کی وجہ سے آئے، آٹا 24 فیصد، چینی 26، گھی اور تیل 20 فیصد مہنگے ہوگئے، طلب و رسد کا درست اندازہ نہیں لگایا گیا جس کی وجہ سے ذخیرہ اندوز اور ناجائز منافع خور نہال ہوگئے، اس سال گندم کا ہی نہیں کپاس کی فصل کا بھی نقصان ہوا ہے، کپاس کی پیداوار میں 40 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، تعجب کی بات ہے کہ بھارت میں پاکستان جیسے موسم کے باوجود اس سال کپاس کی فصل میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے، فصلوں کو نقصان پہنچانے کی رہی سہی کسر ٹڈی دل نے پوری کر دی۔

وفاقی وزیر خوراک مخدوم خسرو بختیار نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا سال کے شروع میں پبلک سیکٹرمیں گندم کا 37 لاکھ ٹن سٹاک تھا، امید تھی کہ گندم کی فصل تقریباً 26 لاکھ ٹن سے اوپرہوگی ،اضافی گندم کا سٹاک 29 لاکھ ٹن تھا، اس کو یکھتے ہوئے پچھلے ادوار میں ایکسپورٹ کا فیصلہ کیا گیا، تقریباً ساڑھے 5 لاکھ ٹن گندم ایکسپورٹ کی گئی، لیکن اس سے زیادہ مسئلہ یہ پیدا ہوا کہ سندھ نے گزشتہ سال گندم کی خریداری بالکل نہیں کی، اس سال پورے ملک میں 84 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے، رواں سال سندھ نے 14 لاکھ ٹن گندم خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ پچھلے سال ایک دانہ بھی نہیں خریدا تھا، انہوں نے چینی کی قیمت کے بارے میں بتایا کہ چینی سے متعلق ای سی سی اجلاس میں نہیں بیٹھتا کیونکہ یہ میرا خاندانی کاروبارہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹڈی دل کاحملہ بہت بڑا قومی اور بین الاقوامی چیلنج ہے، پاکستان سمیت 30 ممالک متاثر ہیں، گراؤنڈ آپریشن کیلئے صوبوں سے ملکر 128 ٹیمیں بنا دی ہیں، 17 فروری سے گراؤنڈ آپریشن بلوچستان میں شروع ہوجائے گا جس میں کوتاہی کی بالکل گنجائش نہیں۔

 


 

Advertisement