کوئی جتنی مرضی تنقید کرے، عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے: وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 12 February,2020 09:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شام کو میڈٰیا پر آ کر عمران خان کو کچھ بھی کہو، عزت دینے والا اللہ ہے۔

اسلام آباد میں نیشنل انکوبیشن سینٹر سٹارٹ اپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے لیکن لوگ کامیاب اس لئے نہیں ہوتے کیونکہ وہ ہار مان جاتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دوسری جانب کامیاب انسان کشتیاں جلا کر آگے بڑھتا ہے۔ ہر بڑے کام کے آغاز کے پیچھے ایک بہترین آئیڈیا ہوتا ہے۔ انسان تجربات سے سیکھ کر ہی آگے بڑھتا اور مشکل وقت سے گزر کر ہی کامیاب ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ناکامی کا خوف انسان کو بزدل بنا دیتا ہے۔ زندگی میں خوفزدہ ہونے والوں نے کبھی بڑا کام نہیں کیا۔ آزاد انسان اپنے راستوں کا خود انتخاب کرتا ہے جبکہ ذہنی غلام زندگی میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عزت اور ذلت دینے والا اللہ ہے، کوئی انسان آپ کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ جو معاشرہ غریبوں کی مدد کرتا ہے وہ اوپر چلا جاتا ہے۔

 

Advertisement