چینی، آٹا، دالیں سستی کرنیکا ٹاسک: وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

Last Updated On 11 February,2020 03:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں مہنگائی کے ستائے عوام کی ریلیف کیلئے بڑے فیصلوں کا اعلان کیا جائے گا۔

 وزیراعظم نے مہنگائی کے ستائے عوام کی ریلیف کیلئے تقریباً 15 ارب روپے تک کا پیکج لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عوام کو یہ ریلیف یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے کھانے پینے کی مختلف چیزوں پر دیا جائے گا، قیمتوں کو ضلع کی سطح پر انتظامیہ کے ذریعے مانیٹرکیا جائے گا اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ 15 ارب روپے کے پیکج میں تمام اہم اشیائے خور و نوش شامل ہوں گی، عام شہریوں کو یوٹیلیٹی سٹورز سے سستی اشیاء ملیں گی۔

فروری سے جون 2020 تک ہر ماہ یوٹیلیٹی اسٹورز کو 2 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی اور ملک بھر کے 7 ہزار یوٹیلٹی سٹورز پر سستی اشیاء دستیاب ہوں گی۔ پہلا پیکیج جون تک ہوگا، جولائی میں نیا پیکیج آئے گا، چاول، تین سے چار قسم کا آئل اور گھی اور آٹا یوٹیلیٹی سٹورز پر سستا ملے گا۔ وفاقی حکومت نے 2 لاکھ ٹن گندم خریدنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
 

Advertisement