اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کے ادارے ملک کی قوت اور عمران خان قوم کی پہچان ہیں، مولانا فضل الرحمن کی بہکی بہکی باتیں ان کی مایوسی کا واضح اظہار ہیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا محسوس ہوتا ہے کہ آزادی مارچ کی ناکامی کا صدمہ مولانا صاحب برداشت نہیں کر پائے، اپنی اور اپنے کارکنان کی توانائیاں مزید ضائع کرنے کی بجائے 2023 تک آرام کریں، مولانا آپ آزادی مارچ میں حکومت ختم کرنے نکلے تھے لیکن حکومت مزید مضبوط ہو گئی، آپ کا کندھا استعمال کرنے والے لندن پہنچ چکے ہیں، مولانا صاحب ایک سیٹ کی خاطر کیوں خود کو رسوا کرنے پر تلے ہوئے ہیں؟۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا مہنگائی پر سیاست کرنے والی اپوزیشن قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس کر دے تو عوام کو کافی حد تک ریلیف مل سکتا ہے، عمران خان دشمنی اور اقتدار کی ہوس میں یہ اندھے ہو چکے ہیں، عوام نے انتخابات میں جن کی کشتی ڈبوئی تھی وہ اقتدار کی کشتی سے محرومی کا غم کسی اور طرح دور کریں، ذاتی ریلیف کیلئے عوام کے ریلیف کا واویلا مچانے والوں کو قوم خوب جانتی ہے، ان کا بویا ہوا آج مہنگائی کی صورت پوری قوم کاٹ رہی ہے۔