نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ وقت پر جمع نہ کرائی تو حکومت عدالت جائے گی: فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 02 February,2020 11:15 pm

سیالکوٹ: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملک کو لوٹنے والے لندن میں عیاشیوں میں مصروف ہیں۔ پلیٹ لیٹس کی بنیاد پر عدالتوں سے ریلیف لینے والے اپ ڈیٹ نہیں دے رہے۔ بھائی کی تیمار داری کیلئے جانے والا سازشوں میں مصروف ہے۔ میڈیکل رپورٹ وقت پر جمع نہ کرائی تو حکومت عدالت جائے گی۔

سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی بیماری اقتدار کے جانے سے جڑی ہوئی ہے۔ بیماری کو فرار کا ذریعہ بنایا گیا۔ پنجاب حکومت نے رپورٹ جمع کرانے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ اگر ڈیڈ لائن کے مطابق رپورٹ جمع نہ کرائی تو میڈیکل بورڈ کی تجاویز کی روشنی میں حکومت عدالت میں آپ کی ساری کارستانیاں لے کر جائے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایک بیمار علاج کے لیے اور ساتھ ایک سہولت کار گیا۔ شہباز شریف پاکستان کے عوام کو گمراہ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ وہ نت نئے ہیٹ پہن کر روز سیاسی اداکاری کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گندم سمگلنگ میں ملوث افسران کو گرفتار کیا گیا ہے۔ عوام دشمن مافیا سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا۔ حکومت کی پالیسیوں کا محور غریب عوام کی فلاح وبہبود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پانچ فیصد اشرافیہ نے پورے ملک کے حقوق پر ڈاکا ڈالا۔ ماضی کے حکمرانوں نےپاکستان کیلئے نہیں اپنی ذات کیلئے سیاست کی۔ تاہم وزیراعظم عمران خان کا نظریہ پرانے سیاستدانوں سے منفرد ہے۔ وہ اپنی ذات سے ہٹ کر ملک کی فکر کر رہے ہیں اور خود مختار ادارے چاہتے ہیں۔ حکومتی پالیسیوں کی بدولت ملک معاشی بحران سے نکل رہا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ان کی ملک میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی عمران خان کے سچے سپاہی ہیں۔
 

Advertisement