آئی جی سندھ کیلئے نیا نام مشاورت سے لانے کا فیصلہ کیا ہے: فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 28 January,2020 06:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ کی تعنیاتی کا معاملہ کابینہ اجلاس میں زیربحث آیا، آئی جی سندھ کے لیے نیا نام مشاورت سے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی کابینہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ کی تعنیاتی پرسندھ سے تعلق رکھنے والے اتحادیوں نے اعتراض کیا، ان کی کی تعنیاتی کے ایجنڈے کوموخر کیا گیا ہے، گورنرسندھ عمران اسماعیل کو وزیراعلی سندھ سیّد مراد علی شاہ سے مشاورت کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کے ممبران کی کبھی بھی 100 فیصد حاضری نہیں ہوتی، کابینہ اجلاس میں زلفی بخاری،وزیرقانون،شہریارآفریدی نہیں تھے، اگرکوئی ممبرنہیں آیا توکسی دورے یا ذاتی وجوہات بھی ہوسکتی ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کوئی بحران نہیں،اتحادی وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارکے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعلیٰ تمام ایم پی ایزکی سپورٹ کے ساتھ قومی ایجنڈے کوآگے لیکرچل رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب اوران کی ٹیم کواب فرنٹ فٹ پرآکرکھیلنا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھ اکہ خیبرپختونخوا میں ٹیم کے کپتان نے اپنی ٹیم کو چلانا ہے، اگرکپتان محسوس کرے ٹیم میں کھلاڑی کسی اورجگہ جا کر فیلڈنگ کرے توکپتان کا حق ہے اپنی تجاویزدے، وزیراعلیٰ محمود خان کا ٹیم کیساتھ تحفظات کا ایشوہے، کوئی کرپشن کیس نہیں، تحفظات کے بعد وزیراعظم نے فیصلہ کیا، سب نے پارٹی آئین کے مطابق چلنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آٹا بحران پر وزیراعظم نے آج عزم کودہرایا جن کی نشاندہی ہوگی کسی کوبھی معاف نہیں کیا جائے گا، کوئی اپنا ہویا پرایا کوئی بھی بچ نہیں پائے گا، وزیراعظم کا اثاثہ پاکستان کی عوام ہے، عوام کے ریلیف کے راستے میں کوئی بھی آئے گا آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، کسی کوابہام نہیں ہونا چاہیے، آٹا بحران،حتمی رپورٹ کے بعد کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا، فضل الرحمان کو بار بار کہتی رہی جن کندھوں پربندوق چلانا چاہتے ہیں ان میں اتنی جان نہیں ہے، اب مولانا صاحب کیا فائدہ جب چڑیا چگ گئی کھیت، مولانا اتنے سادہ نہیں دونوں جماعتوں نے ان کے ساتھ ہاتھ کیا اورانہیں پتا نہ چلے، مولانا کومزید چند دنوں بعد سمجھ آجائے گی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیرصحت نے کرونا وائرس کے حوالے سے حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے چین میں موجود پاکستانی طلبا کی مدد کے لیے متعلقہ منسٹری کو ہدایت جاری کیں، وزیرصحت کل کرونا وائرس کے حوالے سے میڈیا کوتشویشناک صورتحال سے آگاہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا آزادانہ اورشفاف کردارہے، وزیراعظم نے شفاف الیکشن کے لیے پارلیمانی کمیٹی کو فریقین سے مشاورت کی ہدایت کی ہے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 8 جنوری کے فیصلوں کی توثیق کی گئی، یوریا کھاد کی بوری پرٹیکس کم کرنے سے395روپے کا ریلیف ملے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف زرداری نے سکیورٹی کے نام پر کروڑوں روپے خرچ کیے، جاتی امرا کی سکیورٹی پر 214 کروڑ 13 لاکھ روپے خرچ ہوئے، ایک ماہ میں سارا پیسہ ان سے ریکور کریں گے۔

فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ سابق صدر اور وزیر اعظم نے بہت زیادہ اخراجات کیے، پاکستان کو شاہ خرچیاں کرنے والے حکمرانوں نے لوٹا، قوم کے ٹیکس کے پیسوں پر شاہانہ اخراجات کیے گئے، یوسف رضا گیلانی نے 5 کیمپ آفس بنا رکھے تھے، آصف زرداری نے 3 کیمپ آفس بنا رکھے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ جاتی امرا کی سکیورٹی پر 214 کروڑ 13 لاکھ روپے خرچ کیے گئے، جاتی امرا کی دیوار پر 27 کروڑ روپے خرچ ہوئے، شریف خاندان کی سکیورٹی پر 2 ہزار 753 اہلکار مامور تھے، بیرون ملک علاج کیلئے نواز شریف خصوصی طیارے پر گئے،ان کے بیرون ملک علاج کے ایک دورے پر 24 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ نواز شریف نے لندن کے 55 نجی دورے کیے، مئی 2016 میں نواز شریف کے علاج پر 34 کروڑ خرچ آیا۔

مراد سعید کے مطابق نواز شریف کے جہاز کو 556 بار شہباز شریف نے استعمال کیا ، گزشتہ 10 سال میں 24 ہزار ارب قرضہ لیا گیا، سابق حکومت تمام ادارے خسارے میں چھوڑ کر گئی،ایک ماہ میں سارا پیسہ ان سے ریکور کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے وزیر اعظم ہاؤس میں نہ رہنے کا اعلان کیا وہ اپنے ذاتی گھر بنی گالا میں رہتے ہیں، عمران خان نے بنی گالا کی سڑک اپنی جیب سے بنائی، وزیر اعظم عمران خان قوم کے ٹیکس کا پیسہ بچا رہے ہیں۔
 

Advertisement