وزیراعلیٰ پنجاب بارے تحفظات پر میڈیا نہیں، پارٹی میں معاملہ اٹھایا جائے: فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 27 January,2020 09:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اتحادی ہماری طاقت ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے تحفظات پر میڈیا کے بجائے پارٹی میں معاملہ اٹھایا جائے۔

فردوس عاشق اعوان کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اتحادی ہی ہماری طاقت ہیں۔ اتحادیوں کی سپورٹ کے بغیر حکومت اپنا ایجنڈا آگے نہیں لے جا سکتی۔ اتحادیوں کے تعاون سے عوام کو ریلیف دینے کا ایجنڈا مکمل ہوگا اور پاکستان میں مایوسیوں کے بادل ختم ہونگے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ اس میں کسی قسم کا کوئی ابہام نہیں ہے، ہم اہنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر پاکستان کی اصل منزل تک جائیں گے۔ واویلا کرنے والوں کا ایجنڈا ان کی ذات سے جڑا ہے۔ ان کی ساری خواہشات سینے میں دفن اور ملیا میٹ ہوتی رہیں گی۔ جو اپنی ذات کے لیے اس درد کو قوم کا درد بناتا ہے وہ ناکام ہوں گے۔ پاکستان کا قومی ایجنڈا کامیاب ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعتوں کے اندر اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے اور جماعت کے اندر ہر بات کرنا ہر ممبر کا حق ہے۔ تاہم جب وزیراعظم کوئی فیصلہ کر لیتے ہیں تو اس پر عمل کرنا ہر ممبر کی یکساں ذمہ داری ہے۔ اگر کوئی وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے تحفظات رکھتا ہے تو میڈیا کے بجائے پارٹی میں معاملہ اٹھایا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جو باؤنڈری سے باہر جا کر کھیلتا ہے تو پھر کیچ آؤٹ بھی ہو جاتا ہے۔ یہ سب کے لیے پیغام ہے جو کریزسے باہر نکل کر کھیلنا چاہتے ہیں۔

سابق وزیراعظم کی صحت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قوم نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد جاننا چاہتی ہے۔ پاکستان میں سٹاک ایکسچینج کی طرح پلیٹ لیٹس کا اتار، چڑھاؤ ہو رہا تھا۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ پلیٹ لیٹس کی موجودہ صورتحال کیا ہے؟ ڈاکٹر عدنان سے گزارش ہے کہ انگلینڈ کی جدید ترین لیبارٹری کی تازہ ترین پلیٹ لیٹس کی رپورٹ سے آگاہ کرکے مدد کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خوشحالی کا خواب کراچی سے جڑا ہے۔ سندھ کو مسائل اور کرپشن سے پاک کرنا وزیراعظم کا خواب ہے۔ سندھ میں نوجوانوں کو محرومیوں اور مایوسیوں سے نکالنے کے لیے قرضے دیئے جائیں گے۔ کراچی میں امن کے بعد لوگوں کا لیڈرشپ پر اعتماد ضروری ہے۔ دیکھنا ہوگا لیڈرشپ کی ٹی ٹیز اور منی لانڈرنگ کے حوالے سے کیا پالیسی ہے؟ کرپشن کے ناسور کے خاتمے کے لیے حکومت اصلاحات لا رہی ہے۔
 

Advertisement