کوئٹہ: (دنیا نیوز) معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بارشوں اور برفباری سے ہونے والے مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کے ورثا کو 5 لاکھ روپے اور متاثرہ گھروں کے مالکان کو 50 ہزار روپے فی کس دیئے جائیں گے۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، پاکستان کا تیسرا بڑا ائیر پورٹ گوادر میں بنایا جا رہا ہے، مکران میں 17 ارب روپے کی لاگت سے ٹرانسمشن لائن بچھائی جائے گی۔ نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرنے کیلئے انٹرنیٹ سے متعلق سہولیات فراہم کریں گے۔
قبل ازیں معاون خصوصی اطلاعات نے کوئٹہ میں ریڈیو پاکستان کا دورہ کیا، اسٹیشن ڈائریکٹر سہیل جعفراور کارکنوں نے معاون خصوصی کا استقبال کیا، اسٹیشن ڈائریکٹر نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو ادارے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔