لاہور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات ڈا کٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کچھ سیاسی بونے اپنا قدم اونچا کرنے کے لیے مڈٹرم انتخابات کی باتیں کر رہے ہیں، یہ وہ سیاسی بونے ہیں جواپنی جماعت میں مڈٹرم لیڈرشپ کی قرعہ اندازی کریں گے، وزیراعظم اپنی مدت پوری کریں گے۔
لاہور پریس کلب کے پروگرام " میٹ دی پریس" میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے اپنی منزل کی طرف چل پڑے ہیں ،کچھ سیاسی بونے اپنا قد اونچا کرنے کے لیے حکومت کے جانے کی بات کر رہے ہیں۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ سیاسی یتیم اپنی پارٹی کی مڈ ٹرم قیادت کے لیے قرعہ اندازی کرنے والے ہیں، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گےاتحادیوں کے تحفظات دور کریں گے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر فواد چودھری کا بیان ذاتی رائے ہے، جمہوریت میں آزادی اظہارِ رائے ہے، وفاقی کابینہ میں بھی بیٹھ کر لوگ اپنی جماعت پر تنقید کر نے کا حق رکھتے ہیں اور یہ تحریک انصاف کی حکومت میں ہوتا ہے کسی اور جماعت میں یہ حق کسی کو حاصل نہیں، تاہم کسی ساتھی نے کوئی نشاندہی کی ہے تو ہمیں جامع پالیسی بنانے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے جو اعدادوشمار جاری کیے ہیں ان میں ڈی جی خان کا 7 واں نمبر ہے،اس کا مطلب ہے کہ 6 اضلاع کو ڈی جی خان سے زیادہ ترجیح ہے ،جس علاقے سے وزیر اعلیٰ ہوتا ہے اس کے لوگوں کی کچھ توقعات زیادہ ہوتی ہیں، ماضی میں جنوبی پنجاب کو جتنا نظر اندازکیا گیا اس کا پہلا نمبر ہونا چائیے تھا ۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بیوروکریسی کے اندر ایسی کالی بھیڑیں ہیں جو حکومتی منشور کے راستے میں رکاوٹ ہیں، کسی افسر کو حق نہیں ہے کہ کسی فرد سے بدتمیزی کرے، تحریک انصاف اور وزیر اعظم عمران خان میڈیا کو اپنی طاقت سمجھتے ہیں،کوئی بھی ایسا شخص جو کسی کی تذلیل کرتا ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی میں انکے لیے زیرو ٹالرینس ہے، صحافی تنظیمیں صحافیوں کے تحفظات ہم تک پہنچاتی ہیں،لاہور پریس کلب ملک بھر کے پریس کلب کے لیے ماں کا درجہ رکھتا ہے جو ٹرینڈ سیٹر ہے ۔رائٹ ٹو انفارمیشن پاکستان کے عوام کا حق ہے،انفارمیشن سنٹرز پریس کلب کے ذریعے بنائے جائیں گے،اگلے وزٹ پر لاہور پریس کلب میں انفارمیشن سنٹر کا افتتاح کروں گی ،
ان کا کہنا تھا کہ معیشت کے محاذ پر درپیش چیلنجز کی لپیٹ میں صحافت بھی آئی ہے،مگر اب معشیت اپنی پٹری پر رواں دواں ہے اس کے مثبت اثرات نظر آئیں گے،کیونکہ معیشت کو وینٹی لیٹر سے وارڈ میں منتفل کیا پھر اب معیشت مکمل صحن مند ہو چکی ہے وزیراعظم نے 2020 کو عوام کی خوشحالی کا سال قرار دیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان پنجاب ایک بڑا بھائی ہے جہاں سب سے زیادہ گندم اگائی جاتی ہے،فلور ملز جنھوں نے من مانی کی یا ذخیرہ اندوزی کی انکو سیل کر دیا گیا،آج وزیراعلی کے ساتھ مل کر میڈیا کے ذریعے درست انفارمیشن عوام تک پہنچانے پر بھی بات ہوئی ہے،بروقت اقدامات سے آٹے کی قیمت نیچے آئے گی۔