اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ احتساب بلاتفریق ہونا چاہیے اور ہوتا ہوا نظرآنا چاہیے، رانا ثنااللہ عدالتی سسٹم کو داغدار نہ کریں، آپ کو ضمانت ملی، کیس کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے، ابھی تو ٹرائل ہونا ہے، ضمانت کا مقصد بے گناہی نہیں۔ اپنا غصہ حکومت نہیں اپنی قیادت پر نکالیں، لیگی قیادت نے ووٹر کے ساتھ ہاتھ کیا، اپنی لیڈر شپ کو کٹہرے میں لائیں۔
وفاقی دارالحکومت میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی رپورٹ کے حوالے سے جلد ترجیحات طے کی جائیں گی، اب الحمد لہن لندن کی فضاؤں میں پلیٹ لیٹس مستحکم نظرآرہے ہیں، پلیٹ لیٹس کی خبریں دینے والے اب میاں صاحب کی صحت کے حوالے سے غافل ہوگئے ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ احتساب بلاتفریق ہونا چاہیے اور ہوتا ہوا نظرآنا چاہیے، جزا اورسزا کے بغیر والا معاشرہ تباہ ہو جاتا ہے، احتساب ملک اور قوم کی ضرورت ہے، اسکے بغیرمعاشرے میں جنگل کا قانون ہوتا ہے، ہم اس گلے،سڑے نظام کوٹھیک کرنا ہے
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت مثبت سمت میں رواں دواں ہے، راناثنااللہ عدالتی سسٹم کوداغدارنہ کریں، ان کواپنا غصہ حکومت نہیں اپنی قیادت پرنکالنا چاہیے، آپ کی قیادت نے ووٹرکے ساتھ ہاتھ کیا، اپنی لیڈر شپ کو کٹہرے میں لائیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ پر تنقید کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ رانا صاحب!یہ وہی سسٹم ہے جوطاقتور کو تحفظ دیتا ہے، اسی سسٹم کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی، رانا ثنااللہ صاحب آپ کوضمانت ملی،مقدمہ زیرسماعت ہے، آپ کے کیس کا فیصلہ ابھی عدالت نے کرنا ہے، ابھی کیس کا ٹرائل ہونا ہے، ضمانت کا مقصد بے گناہی نہیں ہے۔ قرآن پاک کوذاتی تشہیرکے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ دونہیں ایک پاکستان کے لیے کوشاں ہیں، ہمیں پتا ہے پراسیکوشن، لیگل سسٹم میں کمزوریوں کا طاقتور فائدہ اٹھاتے ہیں، ہم نے ہمت نہیں ہارنی، سسٹم کے نقائص کودرست کریں گے۔
مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ اوورسیزپاکستانی پاکستان کو معاشی محاذ پر ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں، سیاسی مداری گر پاکستان کو آگے بڑھتا دیکھ کر ڈگڈی بجا کر رفتار کو روکنے کے لیے کھڑے ہوجاتے ہیں، سیاسی مداری گرڈگڈگی بجا کر روز اپنی بے گناہی کا اعلان کرتے ہیں، سیاست میں مذہب کو نہیں لانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہنرمند پروگرام جیسے منصوبے پاکستان کو تبدیل کردیں گے، یہ ہے نیا پاکستان جس کا وعدہ ہمارے لیڈر اور وزیراعظم عمران خان نے کیا تھا،خواتین کوہنرمند بنائے بغیرپاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ اسکیم کے منصوبے سے 40 صعنتوں کوفروغ ملے گا،پسے ہوئے طبقے کو چھت کی فراہمی وزیراعظم کا پختہ عزم ہے،کم آمدنی والے افراد کوگھرکی سہولت دیں گے۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتیں، ملک کے مخالفین نے پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے خود کش حملوں کا سہارا لیا، پاکستانی عوام افواج کے پیچھے کھڑی ہے، بیرونی ممالک سے فنڈ لیکر پاکستان کوغیرمستحکم کرنے والے مٹھی بھردہشت گرد اپنے انجام کوپہنچ رہے ہیں۔