پاکستان خطے کی کشیدگی کم کرنے کیلئے کردار ادا کر رہا ہے، فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 05 January,2020 07:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا ہے کہ پاکستان کو بہت مشکل سے معاشی محاذ پر استحکام حاصل ہوا۔ پاکستان نے خطے میں امن قائم کرنے کیلئے قربانیاں دیں اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کیں۔

فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کشمیریوں کے آئینی، قانونی اور انسانی حقوق پامال کر رہا ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی۔ حق خود ارادیت کیلئے کشمیریوں کی نسل درنسل جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تاثر پھیلایا جا رہا ہے کہ پاکستان خطے میں مہم کا حصہ بننے جا رہا ہے تاہم بھارت کو پاکستان کیخلاف ہتھکنڈوں میں ناکامی ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان امن کے علمبردار بن کر ابھرے ہیں۔ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ خطے میں امن برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ عمران خان نے ایران اور سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کے دورے کیے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم سے متعلق پارلیمنٹ میں بل لایا گیا جس پر اپوزیشن نے بردباری کا مظاہرہ کیا۔ ادارے کسی جماعت کے نہیں بلکہ ملک کے ہیں۔ اداروں پر سیاست کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ امید ہے اپوزیشن ملکی مفاد کے معاملات پر سیاست نہیں کریگی۔
 

Advertisement