بغداد: (دنیا نیوز) عراق وزیراعظم کا پارلیمنٹ سے خطاب میں کہنا تھا کہ اپنے ملک سے امریکی فوج کے انخلا کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام دونوں ملکوں کے مفاد میں ہوگا۔
عراقی پارلیمنٹ سے اہم خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے انکشاف کیا کہ ایرانی جنرل سلیمانی سعودی عرب کے لیے اہم پیغام لے کر آئے تھے، جس دن انھیں قتل کیا گیا، ان سے میری ملاقات شیڈول تھی۔
عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے مطالبہ کیا کہ امریکی افواج کو عراق سے نکالنے کے لیے پارلیمنٹ کو ٹھوس اقدامات کرنا چاہیں۔ جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی کا قتل ایک سیاسی قتل تھا۔ اس قتل سے عراق، امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کے حق سے محروم ہو چکا ہے۔ عراق سے امریکی افواج کا انخلا عراق اور امریکا دونوں کے مفاد میں ہے۔
عراقی پارلیمنٹ میں ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی ہے جس میں امریکا سے امداد کی درخواست واپس لینے اور تمام غیر ملکی افواج کو نکالنے پر بھی کام کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ادھر عراقی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کو امریکا کے خلاف خط لکھ دیا ہے جس میں امریکی رویہ کے خلاف رسمی شکایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب لبنان کے رہنما حسن نصر اللہ نے کہا ہے کہ ہماری جنگ امریکی فوجیوں سے ہے، امریکی عوام سے نہیں، امریکی عوام کو کوئی نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔ جن خود کش بمباروں نے ماضی میں امریکا کو خطے سے بھگایا تھا، اب بھی موجود ہیں۔