اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اضا خیل ریلوے ڈرائی پورٹ کا قیام تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم ثابت ہوگا، جدید ترین سہولتوں سے لیس پورٹ تاجروں کی ضروریات پوری کرے گی۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ڈرائی پورٹ مال برداری کی نقل و حمل میں آسانیاں پیدا ہوں گی، ریلوے ملک کی معیشت کی مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، وزیراعظم ریلوے کی ترقی اور بحالی کیلئے پرعزم ہیں، معیشت میں ریل روڈ نیٹ ورکس ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا 12 ماہ کے قلیل عرصے میں اضا خیل ڈرائی پورٹ پایہ تکمیل کو پہنچا، منصوبہ وزیر ریلوے کی مخلصانہ کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، منصوبہ نئے پاکستان میں بدلتے ہوئے ریلوے کا مظہر ہے۔