آرمی ایکٹ میں ترمیم سیاسی قانون سازی نہیں ہے، فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 05 January,2020 05:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم سیاسی قانون سازی نہیں، حکومتی کسی پراسس کو بلڈوز نہیں کرنا چاہتی، امید ہے اپوزیشن قومی اسمبلی میں بھی حمایت کرے گی۔

 

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے پارلیمنٹ میں بل لایا گیا ہے۔ اپوزیشن نے جس بردباری اور سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کمیٹی میں بل کی مخالفت نہیں کی۔ امید ہے اپوزیشن اسی طرح اسمبلی میں بل کی حمایت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ چند ارکان اپوزیشن کی میڈیا میں گفتگوچل رہی ہے کہ آرمی ایکٹ بل پر انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ سٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا ہے، اپوزیشن اپنی تجاویز دے سکتی ہے۔ اس قانون سازی کو متفقہ بنانا چاہتے ہیں۔ سب نے مل کر پارلیمنٹ کو تقویت دینی ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ یہ اس لحاظ سے بھی اہم قانون سازی ہے، کیونکہ اس میں عدالت نے اختیار وزیراعظم کو واپس کیا ہے۔ پارلیمنٹ کی بالادستی اور سیاست سے آزاد ہو کر اس قانون کو پاس ہوناچاہیے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی رائے ہمارے لئے قابل احترام ہے۔ چاہتے ہیں مولانا صاحب کی رائے کو بھی قومی مفاد کیساتھ جوڑا جائے۔ وہ منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، امید ہے وہ قانون سازی سے متعلق ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔

مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، دوست بدل سکتے ہیں ہمسائے نہیں بدلے جا سکتے۔ ایران نے ہمیشہ خطے میں پاکستان کو درپیش مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرانے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ ایران سے متعلق سینیٹ میں پالیسی بیان دیں گے۔ پاکستان نے خطے کو پرامن بنانے کیلئے پہلے بھی کردار ادا کیا، اب بھی کرے گا۔

 

Advertisement