اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف کیس دائر کرنے والوں کی بدنیتی سامنے آ گئی ہے۔
میاں نواز شریف کی وائرل تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے سیروتفریح کر رہے ہیں۔ لندن سے مختلف تصاویر سامنے آ رہی ہیں۔ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ پلیٹ لیٹس کی صورتحال کیا ہے؟
فردوس عاشق اعوان نے لیگی رہنما رانا ثنا اللہ کیخلاف منشیات سمگلنگ کیس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس آئینی دفاع ہوتا تو وہ قرآن پاک کا سہارا نہ لیتے۔ اگر ہر کسی نے قرآن اٹھا کر کیس لڑنا ہے توعدالتیں بند کر دیتے ہیں۔ انھیں ضمانت ملنا بے گناہی کا سرٹیفکیٹ نہیں ہے، ابھی کیس کا فیصلہ ہونا ہے۔
ایم کیو ایم کے ساتھ حکومت کے معاملات پر معاون خصوصی نے کہا کہ بیگانی شادی میں بھڑکیں مارنے والوں کے جذبات پر اوس پڑی۔ حکومت ایم کیوایم قیادت کی شکر گزار ہے۔ کل سے بغلیں بجانے والوں کو مایوسی ہوئی۔ حکومت اتحادیوں کے ساتھ مل کر عوامی مسائل حل کرے گی۔ پاکستان خطے میں امن کے لیے کوشاں ہے۔ ملک کو مستحکم بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔