اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملائیشیا اور ترکی کیساتھ مل کر نیا اتحاد نہیں بنا رہے بلکہ او آئی سی کے پلیٹ فارم پر ہی سب کو اکٹھا کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے خواتین انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائیں گی۔ ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین صبح دس بجے دفتر خارجہ کے سامنے پہنچیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ملک بھر میں مختلف پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں۔ پانچ فروری کو ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر پیغام دینگی کہ کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان مظفر آباد کا دورہ، آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب اور کشمیری قیادت سے ملاقاتیں کرینگے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورہ ملائیشیا کے دوران مسلم امہ کے مسائل کے ساتھ کشمیر کے ایشو پر بھی بات چیت ہوئی۔ مہاتیر محمد نے امہ کیلئے کاروباری مفادات کو داؤ پر لگایا، ان کے مقروض رہینگے۔
معاون خصوصی نے واضح کیا کہ پاکستان ملائیشیا اور ترکی کیساتھ مل کر نیا اتحاد نہیں بنا رہا بلکہ او آئی سی کے پلیٹ فارم پر ہی سب کو اکٹھا کیا جائے گا۔ ستمبر میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں مسئلہ کشمیر شامل کرانے میں کامیاب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا، مگر امن کی خواہش کو بھارت کمزوری نہ سمجھے۔