فیصل آباد: (دنیا نیوز) ماہ صیام کی آمد کے ساتھ ہی فیصل آباد میں منافع خور سرگرم ہوگئے ہیں جس کی وجہ سےافطار میں استعمال ہونے والی اہم پھل اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ چکی ہیں۔
رحمتوں اور برکتوں کے مہینے میں مہنگائی کا نیا طوفان، مارکیٹوں اور بازاروں میں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں۔ لیموں کی قیمت رمضان سے قبل 1 سو روپے تھی جو اب 450 تک پہنچ چکی ہے۔ پیاز اور آلو کی قیمت 40 سے بڑھ کر 70 روپے ہوچکی ہے۔
روزہ دار کے دستر خوان پر کھجور نہ ہو تو دسترخوان نامکمل سمجھا جاتا ہے لیکن فیصل آباد میں منافع خوروں نے سنت رسول ﷺ کی ادائیگی بھی مشکل بنا دی ہے۔ کھجور کی قیمت 200 سے بڑھ کر 500 تک پہنچ چکی ہے۔
چیف آفیسر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کہتے ہیں روزانہ کی بنیاد پر ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائیاں کررہے ہیں۔ شہری کہتے ہیں ایک طرف لاک ڈاون کی وجہ سے بیروزگاری کا سامنا ہے تو دوسری طرف منافع خوروں نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔