اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو تاحال حفاظتی سامان کی کمی کا سامنا ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے ہسپتالوں میں اب تک 14 ڈاکٹرز، 8 نرسز اور 12 ہیلتھ کئیر ورکرز کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہراول دستہ ہی مشکلات کا شکار، درجنوں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کورونا وائرس کے مرض میں مبتلا ہو گئے۔ اسلام آباد کے ہسپتالوں میں اب تک 14 ڈاکٹرز، 8 نرسز اور 12 ہیلتھ کئیر ورکرز کورونا کے ہتھے چڑھ چکے ہیں۔ ایک ڈاکٹر کورونا کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ 27 مریض تاحال آئسولیشن میں ہیں۔
نرسنگ اسٹاف کا بھی کہنا ہے کہ اگر ہمیں بروقت حفاظتی کٹس فراہم کی جاتیں تو ہمارے ساتھی کورونا سے محفوظ رہتے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مئی کے مہینے میں کورونا وائرس کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ طبی عملے کی تمام ضروریات فوری طور پر پوری کی جائیں۔