اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی معید یوسف نے بتایا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے ہونے والی شرح اموات دو اعشاریہ ایک فیصد ہے جو دیگر ممالک سے بہت کم ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران معید یوسف کا کہنا تھا کہ پی آئی اے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے مخصوص پروازیں چلا رہا ہے تاہم ہم نے دیگر ایئرلائنز کو بھی اس کی اجازت دیدی ہے۔ بیرون ممالک مقیم جو پاکستانی واپس آنا چاہتے ہیں وہ اپنے سفارتخانے یا قونصل خانے میں رجسٹریشن کروائیں
معاون خصوصی معید یوسف کا کہنا تھا کہ 9 مئی تک تقریباً ساڑھے 7 ہزار پاکستانی واپس آئیں گے۔ اگلے ہفتے بھی ہماری توجہ خلیجی ممالک سے پاکستانیوں کو لانے کی طرف رہے گی کیونکہ وہاں ہمارے ہزاروں مزدور بیروزگار ہوگئے ہیں یا انہیں مجبوری کی وجہ سے واپس جانے کا کہا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے ہونے والی شرح اموات دو اعشاریہ ایک فیصد ہے جو دیگر ممالک سے بہت کم ہے۔ دنیا بھر میں کورونا وبا سے اموات کی شرح تقریباً 7 فیصد ہے۔
معید یوسف کا کہنا تھا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں 8 ہزار 530 ٹیسٹ کیے ہیں اور اس میں بدستور اضافہ بھی ہورہا ہے۔ ہماری حکمت عملی ہے کہ زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کریں۔ آگے بھی ہماری حکمت عملی یہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرکے سمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جائیں اور جس علاقے میں وبا کا پھیلاؤ زیادہ ہے صرف اسے کنٹرول کریں اور وہاں پابندیاں لگائیں۔