لندن: (ویب ڈیسک) ٹینس سٹار اینڈی مرے نے زور دیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبائی صورتحال کے خاتمے کے بعد کھیل کے میدانوں کو آباد کرنے میں اتنی جلدی نہ دکھائی جائے۔
تفصیل کے مطابق مینز پروفیشنل ٹینس (اے ٹی پی ٹوور) اور ویمن ٹینس ایسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے) کے مقابلوں کو کورونا وائرس کی وجہ سے جولائی تک معطل کیا جا چکا ہے جبکہ پریمیئر لیگ فٹبال کلب متمنی ہیں کہ ان کے سیزن کو رواں موسم گرما تک مکمل کر لیا جائے۔
لیکن سابق نمبر ون کھلاڑی اینڈی مرے کا ماننا ہے کہ سفری دشواریوں کے باعث ٹینس وہ آخری سپورٹس ہونا چاہیے جسے کورونا وبا کے خاتمے کے بعد دوبارہ کھیلنے کا سوچا جائے۔
اپنے ایک بیان میں اینڈی مرے نے کہا ہے کہ سب سے پہلے ہمیں اپنی نارمل زندگی میں واپس آنے کی ضرورت ہے۔ ہم باہر جائیں، دوستوں سے ملیں، ریسٹورنٹس جائیں اور آزاد فضا میں سانس لے سکیں۔
اینڈی مرے نے کہا کہ اس کے بعد امید کی جا سکتی ہے کہ وقت گزرنے کیساتھ ہمیں سفر کرنے کی اجازت ملے اور کھیلوں کے میدان سجنا شروع ہو جائیں لیکن مجھے یہ مستقبل قریب میں ہوتا نظر نہیں آ رہا۔
خیال رہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے یو ایس اوپن اور فرنچ اوپن کو اگست اور ستمبر تک ملتوی کیا جا چکا ہے، تاہم اس معاملے پر اینڈے مرے کہتے ہیں کہ سب سے پہلے تو ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ کسی طرح اس وبا کے پھیلاؤ کا خاتمہ ہو سکے، اس کے بعد ہی روزمرہ کی زندگی میں واپسی ممکن ہو سکتی ہے۔