لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر ایک روپیہ مہنگا ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران امریکی ڈالر کی قدر میں بڑھوتری دیکھی گئی، اوپن مارکیٹ میں آج امریکی کرنسی ایک روپیہ مہنگی ہوئی جس کے بعد روپے کے مقابلے میں ایک امریکی ڈالر کی نئی قیمت 161.50 روپے ہو گئی ہے۔
دوسری طرف اوپن مارکیٹ کے برعکس انٹر بینک میں امریکی ڈالر 4 پیسے سستا ہو گیا جس کے بعد امریکی کرنسی کی نئی قیمت 161 روپے61 پیسے ہو گئی۔
دیگر کرنسی کی بات کی جائے تو یورو اور برطانوی پاؤنڈز کی قدر بھی بڑھ گئی۔ یورو ایک روپیہ مہنگا ہو کر 174 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے جبکہ برطانوی پاؤنڈ دو روپے مہنگا ہو گیا ہے جس کے بعد پاؤنڈ 200 روپے کی سطح عبور کرنے کے بعد 201 روپے کا ہو گیا ہے۔
مزید برآں درہم کی قیمت میں بھی 40 پیسہ کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد درہم کی نئی قیمت 42.90 روپے ہو گئی ہے، جبکہ ریال کی قیمت 41.50 روپے کی سطح پر برقرار ہے۔