نئی دہلی: (ویب ڈیسک) کورونا وائرس کے پیش نظر دنیا بھرمیں متعدد ممالک میں لاک ڈاؤن اور جزوی کرفیو نافذ ہے اور گھر میں رہ رہ کر ستائی ہوئی عوام نے اب اپنے اپنے گھروں سے نکلنا شروع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق متعدد ممالک میں عوام کی جانب سے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے کے بے شمار واقعات سامنے آرہے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو انوکھی سزائیں بھی دے رہے ہیں تاکہ لوگ اپنے گھروں میں ہی رہیں۔
اب حال ہی میں بھارت میں کورونا وائرس کے پیشِ نظر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کے واقعات کو روکنےکے لیے دہلی پولیس نے انوکھی حکمت عملی اپنائی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس نے اپنے آپ کو کورونا وائرس زومبی میں تبدیل کردیا ہے اور اس ضمن میں انہوں نے وائرس سے بچنے والا حفاظتی لباس زیب تن کرنے کے ساتھ ساتھ سر پر کورونا وائرس جیسا ہیلمٹ بھی پہن رکھا ہے۔
دہلی پولیس کے مطابق حکمت عمل سماجی دوری اختیار کرنے کو فروغ دینے اور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو روکنے کے لیے کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں اس سے قبل لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کی پولیس کی جانب سے آرتی اتارنے کا واقعہ بھی سامنے آیا تھا۔
واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 31 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بھی ایک ہزار سے زائد ہے۔