لاہور: (روزنامہ دنیا) گرینڈ ہیلتھ الائنس کے چیئرمین ڈاکٹر سلمان حسیب کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب حقائق کو بری طرح مسخ کر رہی ہے۔ ایک روز میں پنجاب میں صرف پندرہ سو ٹیسٹ کیے گئے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا اموات کی تعداد کو میڈیا کے سامنے نہیں لایا جا رہا، حکومت کے انتظامات انتہائی ناکافی ہیں، وینٹی لیٹرز کی شدید کمی اور آئی سی یو ٹرینڈ سٹاف ہسپتالوں میں موجود ہی نہیں، آئی سی یوز میں وینٹی لیٹرز پر جانے والے مریضوں میں شرح اموات 98 فیصد کے قریب ہے۔ حکومت گزشتہ پانچ ماہ میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی بار بار یاد دہانی کے باوجود وینٹی لیٹرز مہیا نہیں کر سکی۔
ڈاکٹر سلمان حسیب کا کہنا تھا مئی اور جون کے مہینے میں حکومتی نااہلی کی سزا پنجاب کے عوام اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ادا کریں گے، ہسپتالوں میں ہیلتھ پروفیشنلز کو حفاظتی سامان دینے کا پائیدار طریقہ وضع نہیں کیا جا سکا۔