واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دس لاکھ سے تجاوز کر گئی، مرنے والے 59 ہزار 266 ہو گئے، صدر ٹرمپ کہتے ہیں وہ کسی بھی ملک سے زیادہ ٹیسٹ کر رہے ہیں، نائب صدر مائیک پینس بغیر ماسک پہنے ہی ہسپتال پہنچ گئے۔
امریکا میں صورتحال آج بھی تشویشناک ہے، مزید 2 ہزار 470 افراد ہلاک ہو گئے، امریکا میں متاثرہ افراد کی تعداد دس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، صدر ٹرمپ نے بریفنگ کے دوران کہا وہ کسی بھی ملک سے دگنا زیادہ ٹیسٹ کر رہے ہیں اور ایک وقت آئے گا کہ متاثرین کی تعداد صفر ہو جائے گی۔
امریکا کے نائب صدر مائیک پینس بغیر ماسک پہنے ہی ہسپتال پہنچ گئے، انہوں نے منی سوٹا کے میو کلینک کا دورہ کیا لیکن وہاں موجود تمام افراد کے برعکس انھوں نے ماسک نہیں پہنا۔
وہ وائٹ ہاؤس کی کورونا وائرس ٹاسک فورس کو لیڈ کر رہے ہیں، ان کے اس اقدام پر امریکا میں خوب تنقید کا نشانہ بنایا گیا، ریاست نیوریاک کے گورنر کا کہنا ہے کہ ریاست کے کچھ علاقوں میں لاک ڈاؤن 15 مئی تک نرم کر دیا جائے گا۔
شرط یہ ہے کہ وہاں 14 دن کے دوران وائرس کے نئے کیسز میں کمی واقع ہو، مبصرین کا کہنا ہے اتنے امریکی ویت نام کی جنگ میں نہیں مرے جتنے کورونا وائرس کا شکار ہو ئے ہیں۔