کراچی: (دنیا نیوز) آئندہ مالی سال میں ٹیکس آمدن میں تیس فیصد تک اضافہ کرنے کی توقع ہے جبکہ ٹیکس ریونیو کا ہدف 5100 ارب روپے رکھنے کا امکان ہے اور آئندہ سال دفاعی بجٹ 1402 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ کے لیے وفاقی حکومت کی طرف سے تیاریاں جاری ہیں، اس دوران بجٹ کتنا ہو گا، کتنے ٹیکس عائد کیے جائیں گے اس پر غور جاری ہے، آئندہ مالی سال میں ٹیکس آمدن میں30 فیصد تک اضافہ کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے جبکہ ٹیکس ریونیو کا ہدف 5100 ارب روپے رکھنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیکس وصولی کا نظام بہتر بنایا جائے گا، مالی سال 21-2022ء میں مہنگائی کی شرح کا ہدف8.4 فیصد تک رکھنے کا امکان ہے، مالی خسارے کا ہدف 5.8 فیصد مقرر کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق قرضوں کی شرح جی ڈی پی کے 85 فیصد تک لانے کا پلان ہے، کرنٹ اکاونٹ خسارے کا ہدف 4 ارب 60 کروڑ ڈالرز رکھنے کا امکان ہے، آئندہ سال دفاعی بجٹ 1402 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی امور کو چلانے کے لیے 495 ارب روپے مختص کئے جانے کا امکان ہے، زراعت، آئی ٹی تعمیراتی اور صنعتی شعبوں کیلئے مراعات فراہم کی جائیں گی۔