لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما راجہ ظفر الحق کا کہنا ہے کہ ایٹمی دھماکوں کا کریڈٹ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا تھا کہ ملک میں ایٹمی دھماکے انہوں نے، گوہر ایوب اور راجہ ظفرالحق نے کروائے ہیں جبکہ اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف سمیت کابینہ کے تمام اراکین ان دھماکوں کے مخالف تھے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ بات کرنے کی ضرورت نہیں تھی لیکن اس لیے کررہا ہوں تا کہ آئندہ آنے والی نسلوں کو معلوم رہے. ہر حکومت نے اس پر کام کیا لیکن اس وقت کابینہ میں صرف شیخ رشید، گوہر ایوب اور راجا ظفرالحق نے خطاب کر کے کابینہ کا رخ موڑنے کی کوشش کی۔
جوہری دھماکوں کے موقع پر بیرونِ ملک موجودگی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میری ڈیوٹی ایسی تھی کہ مجھے ملک سے باہر جانا تھا اور جن لوگوں کے پاس دھماکوں کا ڈیٹا تھا ان میں میں بھی شامل تھا۔
شیخ رشید کی طرف سے دیئے گئے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے سینئر لیگی رہنما راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا کہ ایٹمی دھماکوں کاکریڈٹ نوازشریف کوجاتاہے، نوازشریف سےایٹمی دھماکوں کاکریڈٹ چھینانہیں جاسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا غلط ہے کہ نواز شریف نے مخالفت کی تھی، نوازشریف کی مرضی کےبغیردھماکےنہیں ہوسکتےتھے۔
دوسری طرف مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے شیخ رشید نے اعتراف کیا ہے کہ ایٹمی دھماکوں کے وقت وہ ڈرکر ملک سے بھاگ گئے تھے۔
وفاقی وزیر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شیخ رشید نے اعتراف کیا ہے کہ ایٹمی دھماکوں کے وقت وہ ڈر کر ملک سے بھاگ گئے تھے، مشکل وقت میں وفاداری بدلنے والے آج ایٹم بم کا کریڈٹ لے رہے ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا شیخ رشید آج اس کا ترجمان ہے جو اسے چپڑاسی رکھنے کو تیار نہ تھا، عمران نیازی اور شیخ رشید کی مشترک نشانی جھوٹ اور یوٹرن ہے۔ پنڈی کا شیطان رمضان میں کھلا رہا اورعید کے بعد بھی شیطان کو کھلی چھٹی ہے۔