اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ آصف زرداری کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور جب کہ یوسف رضا گیلانی کو گرفتار کرنے کی نیب کی استدعا مسترد کر دی گئی۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اصغر علی نے توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس کی سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا نواز شریف کے جاتی عمرہ پر سمن کی تعمیل کرائی گئی، تاہم وہ پیش نہیں ہوئے، نواز شریف، آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری جب کہ یوسف رضا گیلانی اور ملزم عبدالغنی مجید کو گرفتار کیا جائے۔
وکلاء صفائی نے موقف اپنایا کہ ملزم آصف زرداری اور انور مجید ہسپتال میں زیر علاج ہیں، سفر نہیں کرسکتے، چیئرمین نیب نے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کئے تو نیب پراسیکوٹر کیسے گرفتاری کا کہہ سکتے ہیں ؟۔
عدالتی استفسار پر بتایا گیا کہ نواز شریف کی طرف سے کوئی بھی پیش نہیں ہوا، جب کہ آصف زرداری کے وکیل نے حاضری سے استثنیٰ دینے کی درخواست دائر کی۔ عدالت نے سابق صدر کی آج حاضری سے استثنی کی درخواست منظورکر لی، جب کہ تمام ملزمان کو 11 جون کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔