گرمی کے ستائے افراد کیلئے خوشخبری، محکمہ موسمیات کی بادل برسنے کی پیشگوئی

Last Updated On 28 May,2020 11:58 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے بادل برسنے کی نوید سنا دی۔ اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور کشمیر میں منگل تک بارشوں کی پیش گوئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے نوید سنائی ہے کہ جمعرات سے منگل تک بادل خوب برسیں گے، راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، جہلم، چکوال، اٹک، میانوالی، سرگودھا اور بھکر میں بارش متوقع ہے۔ خوشاب، منڈی بہاء الدین، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں بھی ابر کرم برسے گا جس سے گرمی اڑن چھو ہو جائے گی۔

موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے جمعہ اور ہفتہ کے دوران کوئٹہ، ژوب ، ہرنائی، بارکھان اور ڈیرہ بگٹی میں بھی تیز بارش کی امید ہے۔ پیر کے روز میرپور خاص، بدین اور حیدرآباد میں بھی باران رحمت کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل ان ایکشن ہوں گے۔

مقبوضہ کشمیر کے بھی بیشتر علاقوں میں موسم ابر آلود رہے گا۔ اننت ناگ، بڈگام اور بارہ مولہ میں بارش ہوگی۔ جموں میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرات 39، سری نگر 24 اور لیہہ میں 14 رہے گا۔
 

Advertisement