اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) تھانہ ترنول کے علاقہ 26 نمبر چونگی میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی پولیس ناکہ پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈیوٹی پر موجود اے ایس آئی محسن ظفر اور ہیڈ کانسٹیبل سجاد شہید ہوگئے۔
آئی جی اسلام آباد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے عید کی چھٹیوں پر گئے ہوئے ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کو فوری طور پر ڈیوٹی پر آنے کی ہدایت کی ہے اور 2 تفتیشی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔
عید کے تیسرے روز تھانہ ترنول کی حدود چونگی نمبر 26 کے قریب پولیس ناکہ پر اے ایس آئی محسن ظفر دیگر اہلکاروں کے ہمراہ ڈیوٹی پر مامور تھا کہ جمشید خان نامی شخص کو ناکہ پر روکا جس سے پستول برآمد ہوا جس کو تھانہ لے جانے کیلئے روانہ کیا گیا کہ اس دوران نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اے ایس آئی محسن اور ہیڈ کانسٹیبل سجاد شہید ہو گئے جبکہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔