اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے دسویں قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کے خلاف مسلم لیگ ن کی درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ حقائق کی روشنی میں اگر درخواست مسترد ہوئی تو درخواست گزار کو مثالی جرمانہ ہوگا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے مسلم لیگ ن کی درخواست پر سماعت کی۔ رکن قومی اسمبلی خرم دستگیر کے وکیل محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ نے بھی این ایف سی تشکیل پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔ فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ مفروضوں پر نہ جائیں، حقائق پر بات کریں، اسمبلی کے فلور پر جو آپ حل نہیں کر پاتے وہ عدالت لے آتے ہیں۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ درخواستگزار کا کیس یہ ہونا چاہیے کہ مشیر خزانہ کو مشاورت سے رکن نہیں بنایا گیا، محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ آئین کے مطابق واضع لکھا ہے کہ پاکستان کو منتخب نمائندے چلائیں گے۔ عدالت نے دلائل کے بعد فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کرلیا۔