لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہناہے کہ سوشل میڈیا پر والد کی تصویر کا مقصد تشہیر نہیں تذلیل تھا جو کہ ہر بار کی طرح الٹا ہو گیا۔
مریم نوازکا کہنا تھا کہ نواز شریف کی ایک جھلک سے ان کے مخالفین کے اوسان خطا ہو جاتے ہیں جب کہ اس تصویر سے سابق وزیراعظم کے چاہنے والے خوش ہوئے اور ان کو حوصلہ ملا ہے، مخالفین کو سمجھ آ جانی چاہیے کہ ایسی حرکتوں سے یہ لوگ صرف اپنا مزید نقصان اور نوازشریف کو انجانے میں فائدہ پہنچاتے ہیں، نواز شریف کا خوف نا ان کو جینے دیتا ہے نا چین سے حکومت کرنے دیتا ہے، یہی ان کی سزا ہے۔
نائب صدر (ن) لیگ نے کہا کہ ان لوگوں نے میاں صاحب کو مارنے کی پوری کوشش کی لیکن الّلہ نے بچا لیا، یہ لوگ زبردستی آئی سی یو میں گھس کر میری بیہوش ماں کی تصاویر بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں تو ان کے لیے نوازشریف کی اپنے گھر کی خواتین اور بچیوں کے ساتھ چھپ کر تصویر بنانا کیا مشکل ہے؟ اگر یہ اتنا ہی نیک کام تھا تو بزدلوں کی طرح چھپ کر کیوں کیا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی لندن میں چائے پیتے ہوئے ایک اور تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
علاج کے سلسلے میں عدالت سے ضمانت پر بیرون ملک جانے والے سابق وزیراعظم نوازشریف کی ایک اور تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ لندن میں سڑک کنارے ایک ہوٹل میں اہلخانہ کے ساتھ موجود چائے یا کافی پی رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نوازشریف کی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ کسی ہوٹل میں موجود کھانا کھارہے تھے اور اس موقع پر ان کے بھائی شہباز شریف، دونوں صاحبزادے حسن اور حسین نواز کے علاوہ سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
دوسری طرف مریم نواز کے بیان پر ڈاکٹر شہباز گل نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ جھلک ضرور دکھائیں بار بار دکھائیں عوام کو پتہ چلتا ہے، میاں صاحب کبھی بھی بیمار نہیں تھے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ عوام سے اداروں سے جھوٹ بولا گیا۔ اخلاقیات کا لیول یہ ہے کہ پہلے دبا کر جھوٹ بولا جاتا ہے پھر اس پر ناز کیا جاتا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے! محترمہ آپ شدید غلط فہمی کا شکار ہیں، عوام تصویر کو دیکھ کرغصے میں ہیں کہ کس طرح ایک سند یافتہ مجرم نے نظام کا مذاق اڑایا اور فرارہوگیا، تصویر نے ثابت کردیا کہ آپکا ہر بیان جھوٹ پر مبنی ہوتا ہے۔
ڈاکٹر شہباز گل نے لکھا کہ آپ کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں تھی ؟ آپکو تو اس جھوٹ پر بھی فخر ہو گا۔ زلزلہ زدگان کا مال لوٹا، جعلی ٹی ٹی اور سرکاری ٹھیکیداروں سے ذاتی اکاونٹ میں کک بیک لئے۔ بیماری کا جھوٹ بول کر لوگوں کی ہمدردی سمیٹی اس پر بھی ناز ہو گا۔
نواز شریف کے خوف سے متعلق انہوں نے مزید کہا کہ ایک جھوٹ بول کر بھاگی ہوئی شخصیت سے کیا خوف ہو سکتا ہے، خوفزدہ تو وہ ہیں جن کہ بیٹے سمدھی بھتیجے لوٹ مار کے مقدمات میں مفرور ہیں، آپ لوگ اللہ کی سزا سے ڈریں۔