لاہور: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو نے شریف خاندان کے خلاف 7 ارب کا ریفرنس تیار کر لیا۔ چیئرمین نیب نے پری ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس پیر کو طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں چیئرمین جاوید اقبال نے پری ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس سوموار کو طلب کر لیا ہے جس میں نیب لاہور کی جانب سے بھجوائے گئے ریفرنس کے تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا جائے گا۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق شریف خاندان کیخلاف ریفرنس میں 16 ملزمان، 4 وعدہ معاف گواہ اور 100 گواہان شامل ہیں۔ مرکزی ملزمان میں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، نصرت شہباز، بیگم شمیم شریف، سلمان شہباز، حسن نواز اور حسین نواز بھی شامل ہیں۔
ریفرنس میں احد خان چیمہ، سابق ڈپٹی کمشنرز لاہور سمیت 22 بیوروکریٹس کے بیانات بھی شامل کیے گئے ہیں۔ نیب نے شہباز شریف، حمزہ شہباز اور مریم نواز سے 432 سے زائد بار اہم سوالات کئے لیکن وہ 80 فیصد سوالات کے جوابات نہ دے سکے۔
اس کے علاوہ نیب نے شریف خاندان کے متعدد افراد کو سوالنامے بھجوائے لیکن تسلی بخش جواب بھی نہ ملے۔ شریف خاندان نے مبینہ منی لانڈرنگ اور غیر قانونی طریقے سے پیسہ بنایا۔ نیب لاہور کی جانب سے تیار کئے گئے 300 سے زائد صفحات پر مشتمل ریفرنس میں اہم دستاویزات شامل ہیں۔