لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف ہر سطح پر لڑنے کی ضرورت ہے۔
مریم نواز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں ہمیں احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہیے۔ ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کرنے کے کیساتھ ساتھ اللہ تعالٰی سے دعا بھی کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس موذی وبا سے محفوظ رکھے۔ پاکستان کو تاریخ کے بدترین بحران کا سامنا ہے۔ کرونا وائرس حقیقت میں انسانیت کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔
ادھر قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کرونا سے ملک میں ہونے والی دو ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر دے۔ کرونا کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ پر سخت تشویش ہے۔ کرونا کے ٹیسٹ کے مہنگے ہونے کی عوامی شکایات کا نوٹس لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق، صوبے، ضلع اور تحصیل کی سطح پر عوام کو ٹیسٹ اور علاج کیلئے اشتہاری مہم چلائی جائے۔ ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حفاظت کیلئے حفاظتی لباس، ضروری سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ حکومت میڈیا کو چھوڑ کر زمین پر عملی اقدامات پر توجہ مرکوز کرے۔