اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے اجتماعات میں نہ جانے، مصافحہ نہ کرنے اور گلے نہ ملنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پر کوئی مشکل پڑی عوام نے بھرپور ساتھ دیا۔
معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اور ترجمان پاک فوج کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کرونا وائرس اس وقت 176 ممالک میں پھیل چکا ہے۔ اس وقت پوری دنیا میں 2 لاکھ 20 ہزار افراد اس مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے اس موقع پر چین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ برادر ملک نے جس طرح کرونا وائرس پر قابو پایا اس کی مثال نہیں ملتی۔ ہمیں چین کی تعریف کرنے کیساتھ ساتھ اس سے سیکھنے کی بھی ضرورت ہے۔
انہوں نے پاکستان میں کرونا وائرس کے 326 مریضوں اور 2 اموات کی تصدیق کی اور کہا کہ عوام سے درخواست ہے کہ وہ مصافحہ کرنے، گلے ملنے اور ہسپتالوں میں بلا ضرورت جانے سے پرہیز کریں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے معاملے پر تمام اسٹیک ہولڈرز متحرک ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر نگرانی اس وبا سے نمٹنے کے لیے تمام صوبائی حکومتیں دن رات محنت کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کے جان اور مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وائرس سے پہلے معیشت میں بہتری آ گئی تھی۔ معیشت پر کرونا کے اثرات کے جائزے کے لیے مشیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی بنائی گئی ہے جس نے توجہ رکھی ہے کہ معیشت کی گاڑی سست نہ ہو۔
اس موقع پر ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ افواج پاکستان پوری طرح متحرک ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھے۔ جہاں ضرورت ہے وہاں سول انتظامیہ کی بھرپور مدد کی جا رہی ہے۔ آرمی چیف نے تمام فارمیشنز کو ہر ممکن مدد کی ہدایت کی ہے اور ہم سب نے مل کر اس صورتحال میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تینوں مسلح افواج کی میڈیکل سہولتوں کو ہر طرح سے تیار کیا گیا ہے۔ موبائل کمپنیز کے ساتھ مل کر پیغامات عوام تک پہنچائے جا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر احتیاطی تدابیر پر مشتمل معلومات دی جارہی ہیں، تفتان میں قرنطینہ سینٹر میں پاک فوج کی میڈیکل ٹیم معاونت کر رہی ہے جبکہ داخلی راستوں پر لوگوں کی بھر پور چیکنگ کی جا رہی ہے۔