خیبر پختونخوا میں 92 مشتبہ کیسز، 43 کا رزلٹ آنا باقی ہے، اجمل وزیر

Last Updated On 19 March,2020 06:29 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کے مزید چار نئے کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔ صوبے میں 92 مشتبہ کیسز ہیں جن میں 43 کا رزلٹ آنا باقی ہے۔

خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال سے متعلق پریس کانفرنس میں اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ کل تک ٹوٹل 19 تھے جس میں مرنے والے شامل تھے، آج مزید چار نئے کیسز سامنے آئے جن میں 1 کا تعلق مانسہرہ، دوسرا ضلع خیبر سے ہے جس کی عمر 30 سال ہے، تیسرا کیس بونیر سے تعلق رکھنے والی 25 سالہ خاتون ہے، چوتھا کیس چارسدہ کی تحصیل شبقدر سے ہے جس کی عمر 30 ہے۔

اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ 250 کے لگ بھگ زائرین ابھی تک بلوچستان سے ہماری حدود میں نہیں آئے۔ ڈی آئی خان میں اُن کو رکھا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے تمام انتظامات کا جائزہ لیا ہے، جو فیصلے ہم نے کئے ان پر عملدرآمد کیا جائیگا۔

ان کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹے شفٹ میں کام کر رہے ہیں۔ یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ جتنے وسائل ہیں وہ عوام کے لئے ہیں۔ ایمرجنسی ڈکلئیر ہو چکی ہے تاہم یہ گھبرانے کا وقت نہیں، قوموں پر مشکل وقت آتے ہیں۔ احتیاط واحد طریقہ ہے جسے ہر کوئی محفوظ رہ سکتا ہے۔
 

Advertisement