اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت پاکستان نے ملک میں کرونا وائرس پھیلنے کے خطرات کے پیش نظر 12 ٹرینیں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس پر اعملدرآمد 22 مارچ سے شروع ہوگا۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بائیس مارچ سے بارہ ٹرینیں بند کر رہے ہیں تاہم ضرورت پڑی تو یکم اپریل سے مزید بیس ٹرینیں بند کر دی جائیں گی۔ ایڈوانس بکنگ کرانے والوں کو رقم واپس یا دوسری ٹرینوں پر سفر کا آپشن ہوگا۔
جن ٹرینوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں خوشحال خاں خٹک ایکسپریس، اکبر ایکسپریس، سندھ ایکسپریس، شاہ لطیف ایکسپریس، روہی پسنجر اور دیگر شامل ہیں۔ ایڈوانس بکنگ کے حامل مسافروں کو مرضی کی متبادل ٹرینوں میں جگہ ملے گی جبکہ متبادل استعمال نہ کرنے پر ٹکٹ کا مکمل ریفنڈ ہوگا۔
اس سے قبل وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں کرونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ شیخ رشید نے ریلوے سٹیشنز پر کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا۔