اسلام آباد: (طارق عزیز) مسلم لیگ (ن) سیاسی سرگرمیوں کے آغاز کیلئے متحرک ہوگئی ہے، پارٹی صدر شہباز شریف، نائب صدر مریم نواز نے سیاسی میل ملاقاتیں شروع کر دی ہیں، شہباز اور مریم نواز نے اپنے اپنے حلقوں کا دورہ کیا ہے اور عمائدین علاقوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
سالانہ وفاقی بجٹ بارے پارٹی سطح پر مشاورتی اجلاس جلد بلایا جائے گا، اس معاملہ پر اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی، سالانہ مالیاتی بجٹ پر اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل آل پارٹیز کانفرنس بھی متوقع ہے، لیگی رہنماؤں خواجہ آصف، سعد رفیق کے درمیان ملاقات ہوئی ہے جبکہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان سے (ن) لیگ کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے ملاقات کی ہے۔
پارٹی صدر شہباز شریف نے خواجہ سعد رفیق کے گھر جاکر ان سے ملاقات کی اور اگلے روز خواجہ سعد چوہدری پرویزالٰہی سے ملنے ان کی رہائش گاہ پر چلے گئے، خواجہ سعد رفیق کی چوہدری پرویزالٰہی اور خواجہ آصف سے ملاقاتیں خاص اہمیت کی حامل ہیں۔