لاہور: (دنیا نیوز) متعدد لیگی ارکان کے پارٹی سے ناراض ہونے کے بعد مریم نواز سرگرم ہوگئیں، سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اسلام آباد چلی گئیں۔
مریم نواز آج شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال سے ملاقات کریں گی، وہ ناراض ارکان سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے مریم نواز کو سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب ناراض لیگی رکن پنجاب اسمبلی نشا ط ڈاہا نے اعلان کیا ہے کہ جلد ناراض لیگی ارکان اسمبلی کا اجلاس بلانے جا رہا ہوں، پوری قیادت خاموش، ہمیں اکٹھا کرنے والا کوئی نہیں۔
رکن پنجاب اسمبلی نشاط ڈاہا کا کہنا ہے مجھے رات سے ناراض ارکان اسمبلی کے فون آ رہے ہیں، سب کی ڈیمانڈ وہی ہے جو میری ہے، ارکان اسمبلی عزت چاہتے ہیں، رابطہ کرنے والے کہہ رہے ہیں کہ ہمیں اپنے ساتھ سمجھیں، پندرہ سولہ لوگ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملے ہیں وہ میرے ساتھ رابطے میں ہیں۔