لندن: (روزنامہ دنیا) مسلم لیگ(ن ) کے رہنما خواجہ آصف اہم پیغام لے کر لندن پہنچ گئے ،آج نوازشریف سے ملاقات کریں گے
اس ملاقات میں جس میں اہم معاملات پر مشاورت بھی ہوگی۔ آج لندن میں ن لیگ کا اہم اجلاس بھی ہوگا جس میں شہبازشریف،امیرمقام اوردیگررہنما شریک ہوں گے ۔ لیگی رہنماؤں کی نوازشریف سے بھی ملاقات ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں نواز شریف کی ضمانت میں توسیع سمیت 5 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کیلئے خصوصی کمیٹی نے سفارشات پیش کیں، نواز شریف مطلوبہ رپورٹس بورڈ اور کمیٹی کو پیش نہ کر سکے۔نواز شریف کے نمائندوں نے نئی تصدیق شدہ رپورٹس کے بجائے پرانی رپورٹس کو حتمی قرار دینے پر اصرار کیا، میڈیکل بورڈ اور خصوصی کمیٹی کی طرف سے بارہا یاد دہانی کے باوجود مطلوبہ رپورٹس فراہم نہیں کی گئیں۔ خصوصی کمیٹی کی رپورٹ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں پیش کی گئی، پنجاب کابینہ نے نواز شریف کی درخواست ضمانت میں توسیع کو اتفاق رائے سے مسترد کر دیا۔